اسلام آباد، لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پولیس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈائون شروع کردیا، کئی رہنماؤں اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو مقدمات میں نامزد تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ایف سیون میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شبلی فراز کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ذرائع کے مطابق پولیس چھاپے کی اطلاع پر شبلی فراز کی لیگل ٹیم بھی ایف سیون میں انکی رہائش گاہ پہنچ گئی، شبلی فراز تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمے میں ملزم نامزد ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ گھر میں شبلی فراز کی والدہ اور اہلیہ موجود تھیں جنہوں نے پولیس کو بتایا کہ شبلی فراز گھر پر نہیں ہیں جس پر پولیس واپس روانہ ہوگئی۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے راجہ خرم نواز کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، ذرائع کے مطابق چھاپے کے وقت راجہ خرم نواز گھر پر موجود نہیں تھے، راجہ خرم نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے انکے گھر میں کارروائی کے دوران توڑ پھوڑ کی۔
پولیس نےتحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان اور یوتھ کوآرڈینٹر چوہدری اظہر جاوید گجر کے گھروں پر بھی چھاپے مارے، پولیس نے ایک اور چھاپے کے دوران تحریک انصاف کے رہنما راجہ شاہد کو پھلگراں سے گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو مقدمات میں نامزد تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
لاہور میں بھی پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کئی رہنمائوں اورکارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات میں مطلب کارکنوں کو گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔