واشنگٹن ( نئی تازہ مانیٹرنگ)امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بہت اچھے تعلقات ہیں ۔
امریکی سینٹ کام کے سربراہ نے سینیٹ کی آرمز سروسز کمیٹی کے سامنے گواہی کے دوران سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے ان ( پاکستان) کے جوہری سلامتی کے طریقہ کار پر اعتماد ہے۔
کمیٹی کے ایک رکن نے پاکستان میں سیاسی مسائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے سینٹ کام کے سربراہ کی رائے جاننے کی کوشش کی۔
جنرل کوریلا نے کہا کہ میں پاکستان کے ساتھ عسکری تعلقات ڈیل کرتا ہوں اور میرے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔ جنرل کوریلا نے کہا کہ میرے خیال میں اس وقت پاکستان میں خدشات ان کا بجٹ، ان کی مالی صورتحال، موجودہ سیاسی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کی صورتحال ہے۔
انہوں نے بات کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دوبارہ سر اٹھانے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد پاکستان پر تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حملے بڑھ رہے ہیں۔