اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پیشی کے لئے عدالت کی جگہ تبدیل کردی گئی۔توشہ خانہ کیس کی سماعت ایف ایٹ کچہری کی بجائے جوڈیشل کمپلیکس جی11 میں ہو گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پیشی سے متعلق توشہ خانہ کیس میں عدالت کی جوڈیشل کمپلکس منتقلی کی تجویزڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج( ویسٹ) کی جانب سے سامنے آئی تھی۔ توشہ خانہ کیس کی عدالت منتقلی کیلئے سیشن جج نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو چیف کمشنر سے رابطہ کرنے کیلئے کہا تھا۔
سیشن جج کے مطابق عمران خان کی عدالتی پیشی کیلئے سیکیورٹی کے حوالے سے شام ساڑھے 6 بجے خط موصول ہوا، سیشن عدالت کی منتقلی کا دائرہ اختیار حکومت کے پاس ہوتا ہے۔
سیشن جج نے جو ڈیشل مجسٹریٹ سے رابطہ کر کے کہا کہ چیف کمشنر اسلام آباد اپنے اختیارات کا استعمال کرکے سیشن عدالت منتقل کر سکتے ہیں، عدالت منتقلی کیلئے چیف کمشنر سے رابطہ کیا جائے۔
بعد ازاں چیف کمشنر نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ایف 8 کچہری سے کمرہ عدالت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کر دیا۔
عمران خان کی عدالت تبدیلی کا نوٹیفکیشن اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) رانا وقاص کی جانب سے جاری کیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق کورٹ نمبر 1 جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوگی۔اعلامیے میں کہا گیا کہ صرف ایک مرتبہ کیلئے کیس کی سماعت کی جگہ منتقل کی گئی ہے۔
یادرہے کہ اس سے قبل عمران خان کے وکلا کیس کی سماعت ایف 8 کی بجائے جوڈیشل کمپلیکس میں کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں جبکہ عمران خان خود بھی ایف ایٹ کچہری کو سیکیورٹی رسک قرار دے چکے ہیں ۔