اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو تحریری یقین دہانی ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کا حکم دیاہے۔
بدھ کواسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی توشہ خانہ فوجداری کیس میں وارنٹ منسوخی کی درخواست نمٹا دی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان اس حوالے سے ٹرائل کورٹ میں درخواست دائر کر سکتے ہیں ، وہ ہائی کورٹ میں دی گئی انڈر ٹیکنگ ٹرائل کورٹ میں دیں گے۔ فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی ہائیکورٹ میں دی انڈر ٹیکنگ عمران خان ٹرائل کورٹ میں دائر درخواست کے ساتھ لگائیں گے۔ٹرائل کورٹ مطمئین ہونے پر مناسب فیصلہ جاری کرے گی۔
اس سے قبل چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کے دو اعتراضات جوڈیشل سائیڈ پر دورکر دیے، چیف جسٹس نے کہا کہ رجسٹرار آفس کے چھوٹے چھوٹے اعتراضات ہیں، میں بائیو میٹرک اور دستخط والا اعتراض دور کر رہا ہوں، ٹکٹوں والا اعتراض ہے، وہ آدھےگھنٹے میں دور کردیں تو سماعت کریں گے۔
وکلا کی طرف سےرجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کیے جانےکے بعد سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکلا خواجہ حارث، بیرسٹرگوہر، علی بخاری اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔