لندن ( نئی تازہ رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے قائد، سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی جگہ رتّی بھر غیرت رکھنے والا شخص ہوتا تو شرم سے ڈوب مرتا، خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے موقع پر نواز شریف سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا عمران خان کو وقار کے ساتھ گرفتاری دے دینی چاہیے تھی؟ اس پر قائد ن لیگ نے کہا کہ عمران خان کو وقار کا مطلب بھی نہیں پتہ کیا ہے، وقار عمران خان کے قریب سے بھی نہیں گزرا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا عمران خان سے پوچھیں جس نے چوری کی ہے۔
سابق وزیراعظم نےٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے خوف سے عمران خان سرکس لگائے بیٹھا ہے، ان کی جگہ رتّی بھر غیرت رکھنے والا شخص ہوتا تو شرم سے ڈوب مرتا، بزدلی اور بے غیرتی کا دھبہ لگوانے کے بجائے سیاست چھوڑ دیتا۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں یہ شعر بھی لکھا۔
اکبر نے سنا ہے اہلِ غیرت سے یہی
جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا