اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے معاملہ پر دوست ممالک سے مدد کی درخواست کر دی۔
پاکستان کے وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ نے عالمی سطح پر رابطے کئے ہیں اور دوست ممالک سے مدد کے لئے کہا ہے۔
اس دوران پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف ٹیم کے درمیان براہِ راست قرض کے معاملے پر گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جبکہ ذرائع کے مطابق پاکستانی وزارتِ خزانہ اور دفترِ خارجہ کے امریکا اور دیگر ممالک سے رابطوں میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔
را بطوں کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کی مشکل شرائط پر دوست ممالک سے مدد کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ گزشتہ روز آئی ایم ایف سے مذاکرات میں وقفے وقفے سے وزیرخزانہ بھی شریک ہوئے ، مذاکرات میں رواں سال بیرونی فنانسگ 7 ارب ڈالر سے کم کر کے 6 ارب ڈالر کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے بات چیت کے دوران چین سے 2 ارب ڈالر رول اوور کرنے پر بھی بات ہوئی اور چین کی طرف سے اس مد میں بقیہ 80 کروڑڈالر بھی جلد ملنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور آئی ایم ایف حکام نےترمیم شدہ ایم ای ایف پی پربات کر لی ہے، آئندہ دو روز میں وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ترمیم شدہ ایم ای ایف پی تیارکریں گے، جس میں گردشی قرضوں میں کمی کا شیڈول شامل کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایک مرتبہ پھر وزارت خزانہ کو امید ہے کہ آئندہ دو روز میں اسٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا۔