اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سپریم کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر نیب ترامیم کیخلاف سماعت آج منگل کو ہوگی۔
عمران خان کی درخواست پر عدالت عظمیٰ میں نیب ارڈیننس 1999 میں ترامیم کے حوالے سے اس سے قبل 43 بار سماعت ہو چکی ہے۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ ساڑھے 12 بجے سماعت کرے گا، بینچ کے دیگر دو ارکان میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں، کیس کے فریقین کو عدالت نے نوٹس جاری کررکھے ہیں ۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے 27 سماعتوں پر دلائل مکمل کئے تھے، حکومتی وکیل مخدوم علی خان 17 ویں سماعت میں اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
نیب نے سپریم کورٹ کے حکم پر دو بار واپس کئے جا نے والے مقدمات کی رپورٹ جمع کرا ئی ہے، پہلی رپورٹ کے مطابق 221 ریفرنسز واپس نیب کو بھجوائے جاچکے ہیں، دوسری رپورٹ میں 364 ریفرنسز واپس نیب کو بھجوانے کا بتایاگیا ہے۔