کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) انڈین ایئر لائن کے مسافر طیارے نے کراچی ایئر پورٹ پرمیڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ایئر لائن کے طیارے کو ایک مسافر کی طبیعت کی ناسازی کی بنا پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دی گئی،تاہم پرواز کا مسافر لینڈنگ سے قبل ہی دوران پروا انتقال کر گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ جہاز کے کپتان نے کنٹرول ٹاور کو میڈیکل ایمرجنسی کی اطلاع دی، سی اے اے اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹرز نے لینڈنگ کے بعد مسافر کو چیک کیا لیکن 60 سالہ مسافر عبداللّٰہ لینڈنگ سے قبل ہی انتقال کر چکا تھا۔
سول ایوی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر نائیجیریا کا شہری ہے، بھارتی ایئر لائن کی پرواز نئی دہلی سے دوحہ جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ڈاکٹرز نے مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے، بعد ازاں بھارتی مسافر طیارہ واپس اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شارجہ سے لکھنؤ جانے والی انڈیگو کی پرواز 6E 1412 کو میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ بدقسمتی سے مسافر کو بچایا نہیں جا سکا اور ایئر پورٹ کی میڈیکل ٹیم نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ایک بھارتی ایئر ایمبولینس نے ایندھن بھرنے کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔