لاہور ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل 8 کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کوآسان مقابلے کے بعد 86 رنز سے شکست دے دی۔کنگز بائولرز کے آگے قلندرز کا کوئی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 30 ویں میچ میں کراچی کنگزکے کپتان عماد وسیم نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے کھیلتے ہوئےکراچی کنگز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر196 رنز بنائے۔محمد اخلاق 51 نے ، عماد وسیم 45، طیب طاہر 40 اور بین کٹنگ نے 33 رنز بنائے۔لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان، حسین طلعت اور حارث رؤف نے 2، 2 جبکہ دلبر حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
197 رنز کے ہدف کے لئے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 110 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست لاہور قلندرز کو آخری نمبر پر موجود کراچی کنگز کے ہاتھوں 86 رنز سے شکست ہوگئی۔لاہور قلندرز کی طرف سے حسین طلعت 25 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ حارث رؤف 18، فخر زمان نے 13 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی طرف سے عماد وسیم، عاکف جاوید، محمد عمر اور عمران طاہر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں ، جبکہ جیمز فلر نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
لاہور اور کراچی کے اس یکطرف میچ کے ساتھ پی ایس ایل 8 کے گروپ مرحلے کا اختتام ہو گیا ہے ، دو دن کے وقفے کے بعد 15 مارچ سے پلے آف مرحلہ شروع ہوجائے گا۔ جس میں چار ٹیمیں ٹرافی کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔