لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد آج لاہور میں ہونے والی ریلی کل پیر تک کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ابھی عمران خان کے ساتھ بات ہوئی ہے، پی ٹی آئی نے ریلی ملتوی کردی ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ ریلی کل یا بعد میں بھی ہوسکتی ہے، ہم پرامن انتخابات اور پرامن انتقال اقتدار چاہتے ہیں، ارباب اختیار شہر کے راستےکھول دیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہمیں دیوار سے لگایا گیا لیکن ہم نے آئین اور قانون کا راستہ نہیں چھوڑا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 144 کا نفاذ صرف تحریک انصاف کے لیے ہے، یہ فساد چاہتے ہیں اور ہم انتخابات چاہتے ہیں، یہ خون خرابہ چاہتے ہیں اور ہم پرامن ریلی کا انعقاد چاہتے ہیں، ہم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے آج کی ریلی کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا ہے، حکومت کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کی ہے، ہم منشتر ہو رہے ہیں رات کوپھرجمع ہوں گے۔
پی ٹی آئی نے اتوار کو لاہور میں عمران خان کی قیادت میں ریلی نکالنےکا اعلان کیا تھا ، جبکہ پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز کو طلب کررکھا تھا۔
اس حوالے سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واضح کیا کہ پنجاب میں سیاسی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں ، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم چلانےکی آزادی ہے، آج کے لیے ریلیاں اور سیاسی سرگرمیاں محدود کردی گئی ہیں۔محسن نقوی کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل کرکٹ میچ، ٹیم کی نقل و حرکت اور میراتھن ہے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام منصوبہ بندی کی گئی تھی اوربہت پہلے اعلان کر دیاگیا تھا۔