لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 کے تحت ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آج اتوار کو ریلی نکالنے کے اعلان کیا گیا تھا۔
نگران وزیر اطلاعات عامر میر کے مطابق لاہور میں آج پی ایس ایل کا ایک میچ، 40 کلومیٹر کی میراتھن اور سائیکل ریس کا انعقاد ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ نے ایک بار پھر اہم دن پر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔عامر میر نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے دفعہ 144 لگائی جارہی ہے۔انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کر کے بتایا ہے کہ آپ ریلی کی تاریخ کو آگے لے جائیں۔
دوسری جانب بپی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور میں پرامن ریلی نکالی جائی گی جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مریم کو ہر چیز کی اجازت ہے لیکن ہمیں آئینی اور قانونی حق سے روکا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت لاشیں گرا کر انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہے، نگران وزیر اعلیٰ کہہ دیں کہ وہ پی ڈی ایم کے وزیر اعلیٰ ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتظامیہ نے آج پھر 144 نافذ کردی جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج دوپہر 2 بجے انتخابی ریلی نکالنے اور اس کی قیادت خود کرنےکا اعلان کیا ہے۔