راولپنڈی ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل 8 کے میچ میں ملتان سلطانز نے رائلی روسو کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سےشکست دے دی۔روسو نے صرف 51 گیندوں پر 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 27ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابر اعظم نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 134 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، بابر نے39 گیندوں پر 73 جبکہ صائم نے 33 گیندوں پر 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔محمد حارث نے صرف 11 گیندوں پر 35 رنز بنائے،ٹام کوہلر کیڈمور 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عظمت اللہ عمر زئی 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔زلمی نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے اپنے 4 اوورز میں 39 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انور علی نے 4 اوورز میں 66 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔اسامہ میر کو دو اوورز میں 27 رنز کے بدلے ایک وکٹ ملی۔
جیت کیلیے 243 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے بیٹنگ شروع کی تو 8 کے مجموعی اسکور پر کپتان محمد رضوان آؤٹ ہوئے پھر 28 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود بھی پویلین لوٹ گئے۔تاہم ان کے بعد ریلی روسو اور کیورن پولارڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا آغاز کیا ،روسو نے صرف 17 گیندوں پر پی ایس ایل 8 کی تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بنایا،اور پھر 41 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی جبکہ پولارڈ نے بھی 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔وہ 25 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
روسو نے صرف 51 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ملتان سلطانز نے 243 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ملتان سلطانز کی ٹیم اس کامیابی کے بعد اور پلے آف تک رسائی کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
پشاور زلمی کے عظمت اللہ اورکزئی نے دو، جبکہ مجیب ، ارشد ، وہاب ریاض اور صائم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔