راولپنڈی ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل 8 کے 23ویں میچ میں پشاورزلمی نے عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے لاہور کو 35 رنز سے شکست دے کر قلندرز کی دھمال روک دی۔لاہور قلندرز کی ٹیم 208 رنز کے ہدف کے لئے کھیلتے ہوئے 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پشاور کی کامیابی سےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے کے امکانات بھی ختم ہوگئے۔
منگل کو راولپنڈی میں کھیلے گئےپاکستان سپر لیگ کے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔کپتان بابراعظم اور نوجوان بلے باز صائم ایوب نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنائے، صائم ایوب نے 36 گیندوں پر 68 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔کپتان بابراعظم نے 41 گیندوں پر 50 رنز بنائے جبکہ محمد حارث 9، ٹام کیڈمور 36، حسیب اللہ خان 12، عامر جمال 5 جبکہ عظمت عمرزئی اور وہاب ریاض بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے چار جبکی حارث رؤف، راشد خان اور زمان خان نے دو،دو وکٹین حاصل کیں۔لاہور قلندرز کو ابدا ہی سے مشکلات کا سامنا رہا اور ٹاپ آرڈر پشاور زلمے کی بائولنگ کے آگے نہ ٹھہر سکا ، شاویز عرفان صفر، فخر زمان 11، عبداللہ شفیق 7 اور سام بلنگز صفر پر آؤٹ ہوگئے۔حسین طلعت اور شاہین شاہ آفریدی نے بھرپور مزاحمت کی اور مشکل صورتحال میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 63 اور 52 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کے ارشد اقبال اور وہاب ریاض نے تین تین اور عظمت اللہ عمرزئی نے دو وکٹیں حاصل کیں . عامر جمال نے ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا جبکہ ایک کھلاڑی رن آئوٹ ہوا۔
کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مایوس کن کارکردگی کے باعث پی ایس ایل 8 کے پلے آف مرحلے سے باہر ہوگئی ہیں۔