اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ ) اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے توشہ خانہ فوجداری کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
منگل کو اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ۔
عمران خان کے وکیل نے سماعت پانچ دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسا طریقہ ہے عمران خان جی الیون کورٹ میں پیش ہو سکتے ہیں کچہری میں نہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہاں فرد جرم عائد ہونا ہے لہٰذا عمران خان یہاں پیش ہوں اور فرد جرم عائد ہوجائے پھر چلے جائیں۔عدالت نے عمران خان کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ اور وقفے کے بعد عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس میں فرد جرم عائد ہونا تھی ۔