لاہور( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈکو صرف 90 رنز پر آؤٹ کر کے 110 رنز سے کامیابی حاصل کر لی ، اسلام آباد کی مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم بدترین شکست سے دوچار ہوگئی ۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے 16 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلےبیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے۔ قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فخر زمان 36، سیم بِلنگز 33، مرزا بیگ 20، راشد خان 18، ڈیوڈ ویزے 12 اور حسین طلعت 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سکندر رضا 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن نے 3، شاداب خان نے 2 جبکہ حسن علی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
201 رنز کے ہدف کے لئے کھیلتے ہوئےاسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم غیر متوقع طور پر 13.5 اوورز میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اسلام آباد کی جانب سے رحمان اللہ گرباز 23 اور کولن منرو 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ٹام کرن 10، کپتان شاداب خان، اعظم خان اور حسن علی 4،4 جبکہ آصف علی اور ریسی وین ڈر ڈوسین 3،3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے نے 3، راشد خان اور سکندر رضا نے 2،2 جبکہ حارث رؤف اور زمان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔