کراچی ( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 کے 14 ویں میچ میں کراچی کنگزنے ملتان سلطانز کو 66 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔ اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی کنگز کی طرف سے اوپنر جیمز ونس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد میتھیو ویڈ اور طیب طاہر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنائے۔
طیب طاہر نے اپنے پہلے میچ میں نصف سنچری بنائی اورسکور بورڈ پر اپنے نام کے آگے 65 کا ہندسہ لکھوایا. ان کے بعد میتھیو ویڈ 46 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔کپتان عماد وسیم 14 رنز اور شعیب ملک 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔آحسان اللہ نے سو جبکہ انوار علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
168 رنز کے ہدف کے لئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور اوپنر شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ شان مسعود 25 رنز بنا کر عاکف جاوید کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ شعیب ملک نے رائلی روسو کو 7 رنز پر پویلین بھیجا۔ محمد رضوان کے ساتھ دینے کے لیے آنے والے ڈیوڈ ملر بھی 7 رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ ملتان کی طرف سے محمد رضوان 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ملتان سلاطانز کی ٹیم 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 16.3 اوورز میں 101 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔کراچی کنگز کی طرف سے تبریز شمسی اور شعیب ملک نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ پی ایس ایل 8 میں یہ کراچی کنگز کی دوسری کامیابی ہے۔