اسلام اباد ( نئی تازہ رپورٹ )بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹنے سے پانچ مزدور ملبے تلے دب گئے۔ جن میں سے دو دم توڑ گئے ۔ رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی صبح بھارہ کہو میں گو کمپنی کے پیٹرول پمپ کے قریب زیر تعمیر پل کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ جانے سے کام کرنے والے پانچ مزدور ملبے تلے دب گئے.اہل علاقہ بڑی تعداد میں جمع ہوگئی .امدادی ٹیموں نے کچھ دیر بعد پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان کے مطابق بھارہ کہو میں تعمیراتی کام کے دوران وہاں سے گزرنے والے ٹریلر نے 2 پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا، ٹریلر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس کے بعد کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق حادثہ میں دو مزدوروں کے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے،حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزدوروں کو نکالنے کا کام شروع کیا تو ملبہ تلے دبنے سے ایک مزدور کی ہلاکت کا علم ہوا جبکہ باقی مزدوروں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس کے مطابق تین زخمی مزدوروں کو پولی کلینک منتقل کیا گیا جن میں سے ایک جاں بحق ہو گیا جبکہ پمز منتقل کئے گئے دو مزدوروں میں سے بھی ایک دم توڑ گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔