لاہور(نئی تازہ رپورٹ)سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہٰی 10 سابق ارکان صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔
منگل کولاہور میں پی ٹی آئی کے نائب صدر فواد چوہدری اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران چوہدری پرویز الہٰی نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی شمولیت کا اعلان کیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ آج ہماری سینئر قیادت کا اجلاس ہوا اور اس کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کی عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی، حالیہ بحران میں انہوں نے جو کردار ادا کیا، اس کو ہم سراہتےہیں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے ساتھ مسلم لیگ (ق) کے تمام ارکان صوبائی اسمبلی، ان کے اکابرین کے ساتھ ساتھ مونس الہٰی اور حسین الہٰی کی بھی پوری حمایت اپنی پارٹی کے ساتھ تھی۔فواد چوہدری نے کہا کہ ق لیگ کے اراکین آج سے پی ٹی آئی کا حصہ ہوں گے، پرویز الٰہی کو پارٹی صدر بنایا جارہا ہے۔
اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی نے سابق ایم پی ایز سمیت عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کی، اس موقع پر مونس الٰہی، حسین الٰہی بھی موجود تھے، اس دوران اتحاد اور الحاق سے متعلق طویل بحث ہوئی، جس کے بعد پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ میں عمران خان اور ان کی ساری قیادت کا دل سے احترام کرتا ہوں اور ہر مشکل وقت میں ہم نے ثابت کردیا ہے کہ عمران خان اور پارٹی کا ساتھ دیا ہے باوجود اس کے کہ ہمارے اراکین اسمبلی اور خواتین پر مختلف تھانوں پر پرچے ہوئے لیکن ہم ڈٹ کر کھڑےہیں۔پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا صدر بنائیں گے اور جو پارٹی اور ہمارے لیڈر عمران خان کی خواہش ہوگی ہم وہی کریں گے۔پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے متعلق پالیسی بارے سوال پر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم ایسا موقع آنے ہی نہیں دیں گے کہ اس طرح کی بات ہوگی۔