انقرہ ( نئی تازہ مانیٹرنگ) ترکیہ اور شام ایک بار پھر شدید زلزلے سے تین افراد جاں بحق ، 700 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی میں زلزلہ انطاکیہ کے علاقہ میں آیا، 6.4 کے زلزلے کے باعث ایک بار پھر زلزلہ زدہ علاقے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ زلزلے کا مرکز ترک صوبہ ہاتائے کے آس پاس تھا ، زلزلے کے جھٹکے اردن ، مصر اور شام میں بھی محسوس کئے گئے ہیں، زلزلے کے باعث ترکیہ میں 200 سے زائد جبکہ شام میں 500 کے قریب لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
ترک وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا ہے کہ زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد انطاکیہ اور قریبی علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ لوگوں کو خطرناک عمارتوں سے باہر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق انطاکیہ میں پہلے زلزلے سے متاثرہ عمارتوں کو مزید نقصان پہنچا ہے جبکہ جنوبی ترکیہ میں ہاتائے کے میئر کا کہنا ہے کہ لوگ تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے کے نیچے پھنس گئے۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد درجنوں آفٹر شاکس بھی آئے ہیں۔
پڑوسی ملک شام میں آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس تنظیم نے کہا ہے کہ حالیہ زلزلے کے بعد 32 آفٹر شاکس ریکارڈ کئے جا چکے ہیں جن میں سے ایک جھٹکے کی شدت 5.8 تھی ، 470 زخمیوں کو ہسپتالوں پہنچایا گیا ہے۔ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو 7.8 شدت کا زلزلہ آ نے کے نتیجے میں 47 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔