ملتان( نئی تازہ سپورٹس ڈیسک)ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے ہرا کر مسلسل تیسری فتح حاصل کر لی،191رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 138رنز بنا کر17.5 اوورز میں آئوٹ ہو گئی۔آخری 10 گیندوں پر پانچ کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔
اتوار کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈنے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے ۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اوپنر شان مسعود جلد آئوٹ ہوگئے تاہم کپتان محمد رضوان اور رائلی روسو نے 91 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جس سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوگئی، محمدرضوان 38 گیندوں پر 50 رنز بناکر آٹ ہوئے جبکہ روسو نے36 رنز بنا ئے۔
چوتھی وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملر اور کیرون پولارڈ کے درمیان 78 رنز کی شراکت ہو ئی . ملر 52 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، پولارڈ 32 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے جبکہ خوشدل شاہ 3 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن، فہیم اشرف، شاداب خان اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
191رنز کے ہدف کےتعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا، پال اسٹرلنگ 5، حسن نواز 21، کولن منرو 31 جبکہ کپتان شاداب خان ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے، ا رسی وین ڈر ڈوسن نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی مگر دوسرے اینڈ پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔اسلام آباد کے وان ڈر ڈوسن 49 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ 17 ویں اوور میں عباس آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کر کے اسلام آباد کی باقی امیدوں پر پانی پھیر دیا جبکہ 18 ویں اوور میں آخری دو وکٹیں احسان اللہ نے حاصل کر کے رہی سہی کسر پوری کردی ان کے اوورکی پانچویں گیند میچ کی آخری گیند ثابت ہوئی جب انہوں نے ابرار احمد کوصفر پر بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس طرح 17.5 اوورز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 138 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ۔ملتان سلطانزکی طرف سے عباس آفریدی نے چار، محمد الیاس، احسان اللہ اور اسامہ میر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔