اسلام آباد/لاہور (نئی تازہ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی اور قونصل جنرل امیر اوزبے وزیراعظم کی روانگی کے موقع پر موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کی حکومت اورعوام کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اوربہنوں کویکجہتی اور اخوت کا پیغام دینےترکیہ جا رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام اگرچہ دو الگ ریاستوں کے شہری لیکن ایک قوم کی طرح یکجان و یک قالب ہیں، ہم ان کے نقصان کو اپنانقصان سمجھتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے کی تباہی سے کوئی حکومت تنہا نہیں نمٹ سکتی۔ کوئی بھی ملک خواہ وہ کتنا ہی وسائل سے مالا مال ہو،اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کا مقابلہ اکیلے نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا انسانیت کی مشکلات اور تکالیف کے حل کے لئے تعاون بڑھائے۔