اسلام آباد (نئی تازہ رپورٹ ) حکومت نے روپے کی قدر کم ہونے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کرتے ہوئے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 22 روپے 20 پیسے بڑھا دی گئی ہے۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 20 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272 روپے ہو گئی ہے، نئی قیمت کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر 280 روپے،مٹی کا تیل (کیروسین آئل) 202 روپے 73 پیسے فی لیٹرجبکہ لائٹ ڈیزل آئل 196 روپے 68 پیسے فی لیٹر ملے گا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 فروری سے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ روپے کی قدر میں کمی بتائی گئی ہے۔یاد رہے کہ دو ہفتے قبل حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 18، 18 روپے فی لیٹر بڑھائی گئی تھی۔اس طرح دو ہفتوں میں یہ دوسرا بڑا اضافہ ہے۔