کراچی (نئی تازہ سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ 8 میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دے دی۔ منگل کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل آٹھوین ایڈیشن کا دوسرا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، میزبان کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ٹام کولہر کیڈمور نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 92 رنز بنائے۔ جبکہ کپتان بابر اعظم 46 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ، اینڈریو ٹائی، عمران طاہر اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کراچی کنگز کو جیت کے لئے 200 رنز کا ہدف ملا جس کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنا سکی۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم47 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ شعیب ملک نےففٹی مکمل کرتے ہوئے 52 رنز بنا ئے۔انہوں نے 34 گیندوں کا سامناکیا۔ وکٹ کیپر بلے بازمیتھیو ویڈ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور جمی نیشم نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیاجبکہ سلمان اِرشادکے حصے میں 1 وکٹ آسکی۔ٹام کوہلر کیڈمور کو 92 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔