اسلام آباد (نئی تازہ رپورٹ) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں مقامی اوربیرونی ناہمواریاں دور کرنے کے لیے قابل ذکربات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے،میکرو استحکام کے لیے پالیسیوں پر عمل درآمدکا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ پالیسیوں پر عملدر آمد کے لیے ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔
پاکستان کے دورے کے اختتام پر جاری آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ٹیم نے پروگرام کے نویں جائزے کےلیے31 جنوری سے 9فروری تک پاکستان کا دورہ کیا ، دورے میں پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی۔اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں مقامی اوربیرونی ناہمواریاں دور کرنے کے سلسلہ میں قابل ذکربات چیت آگے بڑھی، دورے میں مستقل ریونیو حصول کے اقدامات، نان ٹارگٹڈ سبسڈیز کم کرنے، غریب ترین طبقے کا سماجی تحفظ بڑھانے اور سیلاب متاثرین کی مدد سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف ٹیم کے مذاکرات میں گردشی قرضوں میں کمی کرکے توانائی کے شعبے میں عملداری یقینی بنانے اور توانائی کی فراہمی بہتر بنانے پربات ہوئی۔اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ آئی ایم ایف ٹیم میکرو استحکام کے لیے پالیسیوں پر عمل درآمدکا خیر مقدم کرتا ہے، میکرواستحکام اور پائیدارترقی کے لیے سرکاری شراکت داروں سےمالی مددپاکستان کے لیے ضروری ہے، فیصلہ کن پالیسوں پربروقت عملدرآمد سے پاکستان میں میکرواستحکام آئےگا جب کہ ان پالیسیوں پر عملدر آمد کے لیے ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ مشن کے دورے پر جاری بیان آئی ایم ایف بورڈ میں زیربحث نہیں آئے گا۔