کیلیفورنیا (نئی تازہ رپورٹ) گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کوصرف ایک غلطی پر 100 ارب ڈالرز سے محروم ہونا پڑا۔گوگل کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اپنے چیٹ بوٹ بارڈ کی تشہیر کے لیے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی۔ ویڈیو میں چیٹ بوٹ سے ایک 9 سالہ بچے کو جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کی کامیابیوں کے بارے میں بتانے کا کہا گیا۔ جس پر چیٹ بوٹ بارڈ نے اپنے جواب میں بتایا کہ اس ٹیلی اسکوپ نے سب سے پہلے نظام شمسی سے باہر موجود ایک سیارے کی تصویر کھینچی تھی، تاہم یہ جواب غلط تھا کیونکہ یہ کارنامہ ایک یورپی ٹیلی اسکوپ نے سرنجام دیا تھا۔ غلطی کی نشاندہی مشہور نیوز ایجنسی رائٹرز کی جانب سے کی گئی.
گوگل کی طرف سے بارڈ کو 6 فروری کو محدود سطح پر سے متعارف کرایا گیا ہے جسے حالیہ عرصے میں شہرت حاصل کرنے والی مصنوعی ذہانت پر مبنی ویب سائٹ چیٹ جی پی ٹی کا مد مقابل تصور کیا جا رہا ہے۔گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اس چیٹ بوٹ کو متعارف کراتے ہوئے ایک بلاگ پوسٹ میں جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ سے پوچھے گئے سوال کا حوالہ بھی دیا تھا۔
گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے کہا کہ جلد آپ اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس فیچر گوگل سرچ پر دیکھیں گے جو پیچیدہ تفصیلات آسان فارمیٹ میں فراہم کرے گا، تاکہ آپ اسے فوری سمجھ سکیں۔ مذکورہ غلط جواب کے نتیجے میں گوگل کی مالک کمپنی الفابیٹ کے مارکیٹ شیئرز کی قدر میں 9 فیصد کمی آئی جو 100 ارب ڈالرز بنتے ہیں۔