لاہور(نئی تازہ رپورٹ) لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو وکی پیڈیا کی بندش کے بعد مزید متنازع ویب سائٹس بلاک کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ پیر کو قرآن پاک کےترجمےمیں تحریف کے معاملہ پر عدالتی حکم پر عمل درآمد کرانےکے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
اس موقع پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ توہین امیز مواد نہ ہٹانے پر ویکیپیڈیا کو پاکستان میں بند کر دیا گیا ہے اور انہیں پاکستان میں رجسٹریشن کا کہا ہے۔ ہائی کورٹ نے پی ٹی اےکو مزید متنازع ویب سائٹس بلاک کرنےکی اجازت دے دی جبکہ 16 فروری کو رپورٹس طلب کرلی ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے توہین آمیز مواد نہ ہٹانے پر 4 فروری کو پاکستان میں انسائیکلو پیڈیا ویب سائٹ وکی پیڈیا کو بلاک کردیا تھا۔