ملتان(نئی تازہ نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف (ر) قمر جاوید باجوہ ریٹائر ہوئے تو لوگوں سے کہا ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے، یہ پاکستان کے 75سالوں میں تاریخ کا سب سے بڑا بلنڈر تھا، صرف اس کا اعتراف کافی نہیں بلکہ اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ مجھے، نواز شریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور دل میں تکلیف ہے کہ آج مہنگائی ہے، آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں، آٹا، دال، چاول، سبزی، بجلی،گیس مہنگی ہے، مجھے اورعوام کو پتاہے مہنگائی مہنگائی کس کی لائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں بھی نواز شریف کو اجڑا ہوا پاکستان اورہچکولے کھاتی ہوئی معیشت ملی تھی لیکن 2013 سے 2017 تک جب نواز شریف وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا تھا تو تاریخ گواہ ہے کہ نہ بجلی کی قیمت بڑھی، نہ آٹے کی قیمت بڑھی، نہ چینی کی قیمت بڑھی نہ تیل کی قیمت بڑھی۔انہوں نے کہا کہ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا، کسی نے نواز شریف کو روتے دیکھا؟ شاہد خاقان، رانا ثنا اللہ، مفتاح اسماعیل مہینوں جیل میں قید رہے کوئی نہیں رویا، مریم نواز کے آنسو نہیں نکلے، ٹکر کے لوگ کا دعویٰ کرنے والے آج زمین پر بیٹھ کر بچوں کی طرح بلک بلک کر رورہے ہیں، یہ پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ ایک معاہدہ عمران خان بھی کر کے گیا، آج ہمیں جو قیمتیں بڑھانی پڑ رہی ہیں وہ اس معاہدے کی وجہ سے ہیں۔مریم نواز نے سابق آرمی چیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قمر جاوید باجوہ ریٹائر ہوئے تو لوگوں سے کہا کہ مانتے ہیں عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا، اس بلنڈر نے ایک کونے سے دوسرے کونے تک تباہی مچادی، اب اعتراف کافی نہیں ملک و قوم کے ماتھے پر لگے داغ کو دھونا پڑے گا اور بلنڈر کو ملک سے اٹھاکر باہر پھینکنا ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ جو چار سال کہتا رہا ان کو رلاؤں گا، آج بچوں کی طرح رو رہا ہے، سیاستدان روتا نہیں ڈٹ کر مقابلہ کرتا ہے لیکن عمران خان سیاست دان نہیں، عمران خان نے ملک کی معیشت برباد کردی، اس کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا۔
مریم نواز نے کہا کہ کل میں سن رہی تھی کہ یہ جیل بھرو تحریک کا کہہ رہا تھا، چار سال جب یہ وزیراعظم بنا بیٹھا تھا تو جیب بھرو تحریک چلا رہا تھا اور کارکنوں کو کہتا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرو، اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کراؤ اور پھر آؤ۔ا یہ لوگوں کو جیل بھرنے کا کہنا ہے اور خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، خواتین کو بلا کر زمان پارک میں کھڑا کیا ہوا ہے کہ کہیں مجھے پولیس پکڑ کر نہ لے جائے۔
انہوں نے کہا کہ آج کہاں ہے وہ پانچ کا ٹولہ، سب اپنی جگہ رہ کر خون کے آنسو رو رہے ہیں، یہ تو ہونا ہی تھا، نواز شریف یا شہبازشریف نے کوئی انتقام نہیں لیا، ایک چیز ہے جس کا نام ہے مکافات عمل، وہ دنیا کی سب سے بڑی حقیقت ہے، حساب کتاب صرف آخرت میں نہیں بلکہ اس دنیا میں بھی ہو گا۔۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جس طرح پہلے ملک کو بحران سے نکالا، اب بھی نکالے گا۔