بہار(نئی تازہ نیوز) بارہویں جماعت کاطالبعلم امتحانی ہال میں خود کو 500لڑکیوں میں اکیلا پاکر بے ہوش ہوگیا، بھارتی میڈیا کے مطابق 17سالہ منیش شنکر پرساد بورڈ کا ریاضی کا پیپر دینے پہنچا تو ہال میں صرف وہی ایک لڑکا اور499لڑکیاں موجود تھیں ، پیپر شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی وہ بے ہوش ہوگیا۔طالب علم کے اہل خانہ کے مطابق وہ کچھ شرمیلا ہے اس لئے 500 لڑکیوں کی موجودگی میں گھبراہٹ سے حواس کھوبیٹھا اور اسے ہسپتال لے جانا پڑا۔
طالب علم کا تعلق سُندرگڑھ سے بتایا گیا ہے جس کی حالت اب بہتر ہے۔منیش شنکر پرساد نے بتایا کہ وہ اتنی ساری لڑکیوں کے درمیان خود کو دیکھ کر نروس ہوگیا تھا۔ اس کے بعد اسے گھبراہٹ ہوئی اور اتنی بڑھی کہ سر چکرانے لگا اور اس کے بعد اسے ہوش نہیں رہا۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ ہسپتال لائے جانے پر مکمل طور پر بے ہوش تھا۔
منیش کی ایک رشتے دار خاتون نے بھی ٹوئٹر پر بے ہوشی کی یہی وجہ بتائی ہے ۔ طالب علم کے رشتے داروں نے بتایا کہ اسے لڑکا ہونے کے باوجود ایک ایسے سینٹر میں بھیجا گیا جو مکمل طور پر لڑکیوں کے لیے مختص تھا۔ جہاں 500 لڑکیوں کے درمیان وہ نروس ہوکر بے ہوش ہوگیا۔ ادھر بورڈ اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ ممکنہ طور پر طالب علم نے فارم بھرتے وقت میل کی جگہ خود کو فیمیل لکھ دیا ہو گا جس کی وجہ سے اس کا نام لڑکیوں کے سینٹر میں شامل ہوگیا.