ہانگ کانگ سٹی (نئی تازہ رپورٹ) ہانگ کانگ کی حکومت نے سیاحت کے فروغ اور ملک میں سیاحوں کی تعداد بڑھانے کیلئے 5 لاکھ ایئر ٹکٹ مفت دینے کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے ’ہیلو ہانگ کانگ‘ نامی ایک اسکیم کا اعلان کیا گیا ہے، جس پر پچھلے دو برس سے کام جاری تھا، اس اسکیم کے تحت یکم مارچ 2023 سے دنیا بھر میں رہنے والے سیاح ’ورلڈ آف ونرز‘ نامی ویب سائٹ پر جاکر رجسٹریشن سکتے ہیں، رجسٹرڈ افراد کا نام قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا جس کے بعد پانچ لاکھ خوش نصیبوں کو تین مراحل میں مفت ایئر ٹکٹس دیئے جائیں گے۔
ہانگ کانگ کی جانب سے پہلے مرحلے میں جنوب مشرقی ایشیاء کے ممالک کے سیاحوں کو ٹکٹ دیئے جائیں گے، جس میں پاکستان بھی شامل ہے. چین کے سیاحوں کو دوسرے مرحلے میں اور باقی دنیا کے سیاحوں کو ایئر لائنز کے مفت ٹکٹس تیسرے مرحلے میں ملیں گے۔رپورٹ کے مطابق ٹکٹس ہانگ کانگ کی 3 ایئرلائنز کیتھے پیسیفک، ایچ کے ایکسپریس اور ہانگ کانگ ایئر لائنز کے تعاون سے تقسیم کئے جائیں گے، ان 5 لاکھ ٹکٹوں کی کل رقم 254 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔
واضح رہے کہ ہانگ کانگ نے کرونا وائرس کے خلاف محتاط ا نداز میں کام کیا تھا، جس کے باعث اس کی سیاحت کی صنعت کو شدید نقصان پہنچا۔ جنوری 2020ء چین میں کرونا وائرس کے ابتدائی کیسز سامنے آ نے کے ساتھ ہی ہانگ کانگ میں سماجی تقاریب پابندیاں عائد کر گئی تھیں۔
یاد رہے کرونا وبا سے پہلے ہانگ کانگ میں عام طور پر سال بھر میں 5 کروڑ 60 لاکھ سیاح آتے تھے تاہم 2022ء میں یہ تعداد کم ہو کرصرف ایک لاکھ تک آ گئی ہے۔