میانوالی ( نئی تازہ نیوز) خیبر پختونخوا کی سرحد کے قریب واقع میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشت گردوں کا حملہ تھانے کے عملے نے ناکام بنادیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔ ڈی پی او میانوالی محمد نوید کے مطابق 15 سے 20 دہشت گردوں نے تھانہ مکڑوال پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا جسے تھانہ کے عملہ نے ناکام بنا دیا پولیس کی فائرنگ سے کچھ دہشت گرد زخمی ہوئے. دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہوگئے.
پولیس ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی محمد نوید تھانہ مکڑوال پہنچ گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھانے کے عملہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حملہ ناکام بنانے پر اہلکاروں کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے تھانہ مکڑوال کے علاقہ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ اور کومبنگ آپریشن کی ہدایات جاری کر دی ہیں.
آئی جی پنجاب نے تھانہ مکڑوال پر حملے کی پیش نظر خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے. چار رکنی کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، سپیشل برانچ،اپریشنزاور ڈی آئی جی آئی ٹی شامل ہیں.کمیٹی آر پی سرگودھا سے مل کر میانوالی میں سرچ، کومبنگ آپریشن کی منصوبہ بندی کرے گی. واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کا ضلع لکی مروت پنجاب کے ضلع میانوالی کی بائونڈری سے جڑا ہوا ہے.