لاہور( نئی تازہ نیوز)مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے گی، نواز شریف بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہو گا، ترقی کا سفر پاکستان میں واپس آئے گا،سازش کرنے والے سارے کردار اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں، عمران خان کے ساتھ جو ہوگا مکافات عمل ہوگا، زندگی اب روتے ہوئے گزرے گی۔لاہور ائیرپورٹ پر استقبال کے لئے آنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کو خوشخبری سنا دوں میرا اور آپ کا لیڈر نواز شریف بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہو گا، نواز شریف آج بھی ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ذمہ داری دینے پر اللہ تعالی کے بعد نواز شریف، شہباز شریف اور آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، میں وعدہ کرتی ہوں کہ پارٹی کیلئے کام کرتے ہوئے ایک دن بھی ضائع نہیں کروں گی جب تک قوم کی تقدیر نہیں بدلیں گے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
سازش کرنے والے سارے کردار انجام کو پہنچے یا نہیں
انہوں نے کہا کہ بتائیں نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے انجام کو پہنچے یا نہیں ؟ نواز شریف، شہباز شریف یا مریم نے کسی سے انتقام نہیں لیا، سارے کردار اللہ تعالی کے عذاب کا نشانہ بنے۔ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ نواز شریف کو ملک میں مہنگائی کا احساس ہے، ملک میں بجلی، روٹی مہنگی ہونے کا احساس ہے، امید رکھیں کہ ترقی کا سفر پاکستان میں واپس آئے گا، نواز شریف کی 9 سالہ کارکردگی ملکی تاریخ سے نکال دیں تو پاکستان میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں ملے گا، پہلے پچھلے 4 سال کا احتساب ہو گا، 8 مہینے کا حساب بعد میں ہو گا، اللہ تعالی اور اسحاق ڈار پر یقین رکھیں معیشت میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت بھی خود توڑدی اور روبھی خود رہا ہے، عمران خان کے ساتھ جو ہوگا مکافات عمل ہوگا، زندگی اب روتے ہوئے گزرے گی۔ میرے شیر الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جب بھی ہو گا مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ پارٹی کے ٹکٹس میرٹ پردیں گے۔
پارٹی کو نئی سمت دیں گے
مریم نواز نے کہا کہ آپ نے 3 مرتبہ نواز شریف کو حکومت دی،انہوں نے 3 بار نواز شریف کو نکالا۔ ان لوگوں نے نواز شریف کو بار بار نکالا لیکن وہ نواز شریف ہی تھا جس نے 3 بار پاکستان کو مشکلات سے نکالا۔مریم نواز نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو پارٹی میں لاکر مسلم لیگ ن کو مضبوط کریں گے۔ نوازشریف اور شہبازشریف نے اہم ذمے داریاں دی ہیں۔ 4ماہ والد کے ساتھ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے کا موقع ملا۔ پیر سے رمضان تک مکمل پلاننگ کیساتھ شیڈول لے کر آئی ہوں ۔ ہم پارٹی کو نئی سمت دیں گے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے طیارے نے آج شام لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ پارٹی کارکنان نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔مریم نواز کے استقبال کے لئے ایئرپورٹ سے جاتی امرا تک راستے میں بینرز اور پوسٹرز آویزاں تھے۔