اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاک امریکہ ڈھانچہ جاتی اور وسیع البنیاد تعلقات کا فروغ بہت ضروری ہے.امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ وزیراعظم نے حالیہ اعلی سطح کے باہمی رابطوں سے متعلق کہا کہ دوطرفہ اور علاقائی سطح پر مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ڈھانچہ جاتی اور وسیع البنیاد تعلقات کا فروغ بہت ضروری ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے جنیوا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ پاکستان کانفرنس سمیت سیلاب کے بعد تعمیر نو اور بحالی میں پاکستان کی مسلسل مدد پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر امریکی سفیرڈونلڈ بلوم نے کہا امریکہ سیلاب کے بعد بحالی کے عمل ، اقتصادی ترقی اور اصلاحات کے عمل میں پاکستانی حکومت سے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔