اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن 31 جنوری کو پاکستان پہنچ کر مذاکرات کا آغاز کرےگا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے پاکستانی حکام کے مذاکرات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف کے درمیان 31 جنوری سے 9ویں جائزے پر مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کا جائزہ مشن 31 جنوری سے 9 فروری تک مذاکرات جاری ر کھے گا۔
پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پیریز نے بھی مذکورہ شیڈول کی تصدیق کی ہے۔ایسٹر پیریز کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کی مالی پوزیشن بہتر بنانے پر بات کرے گا. جبکہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا اس کے علاوہ توانائی کے شعبہ میں گردشی قرضے کم کرنے سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوگی۔
نمائندہ آئی ایم ایف نے کہا کہ کرنسی مارکیٹ میں ایکسچینج ریٹ کے ذریعے کرنسی کی کمی دور کرنے پر بھی وفد بات کرے گا۔