اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔اسپیکر نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیے، جس کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیے جائیں گے۔ منحرف ارکان کے علاوہ پی ٹی آئی کے اب صرف 2 ارکان قومی اسمبلی میں باقی رہ گئے ہیں ،دو ارکان کے استعفے ان کی طرف سے چھٹی کے درخواست جمع ہونے کے باعث منظور نہیں کیے گئے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے 45 ارکان نے اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست کی تھی تاہم ان میں سے 43 ارکان کے استعفے منظور ہوگئے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے اب تک 123 ارکان کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں، نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی ارکان کے استعفے موصول ہوگئے۔
الیکشن کمیشن پی ٹی آئی ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے متعلق اپنے اجلاس میں فیصلہ کرے گا جبکہ پی ٹی آئی ارکان کی طرف سے انہیں ڈی نوٹیفائی نہ کرنے کی درخواست کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی نے گزشتہ روز استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کو ای میلز کر کے مطلع کیا تھا اور اپنے استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کو خطوط بھی ارسال کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پارلیمنٹ ہائوس کو بند کر دیا گیا تھا.