لاہور ( نئی تازہ رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی مخالف محسن نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ بنا کر ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ، تقرری کے خلاف عدالت جارہے ہیں، اور منگل سے مظاہرے شروع کررہے ہیں۔
ویڈیو خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کل لاہور جبکہ بدھ کو راولپنڈی میں احتجاج کریں گے۔ اس کے بعد فیصل آباد اور ملتان میں احتجاج ہوگا، ملک کے مختلف شہروں میں روزانہ احتجاج شروع ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ ایک آدمی جس نے سب سے زیادہ ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی، اس کا نام محسن نقوی تھا، انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ نگران وزراعلیٰ الیکشن دھاندلی کے لئے ہمارے مخالف پولیس والوں اور بیورو کریٹس کو لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بد دیانت الیکشن کمیشن اپنی زندگی میں نہیں دیکھی، اس کا ہر فیصلہ ہمارے خلاف آتا ہے ، ان کے فیصلوں پر 8 مرتبہ عدالت گئے اور فیصلہ ختم ہو۔پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ محسن نقوی کو وزیراعلی بنانے کے پیچھے وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے اوپر کاٹا ڈالاہے، سیاستدانوں کے اوپر کاٹا لگانے کا نقصان پورے ملک کو ہوتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن میں ہمیں ہرا نہیں سکتے، اس لیے الیکشن نہیں کراتے، یہ تب الیکشن کرائیں جب انتظامیہ اور عملہ ان کا اپنا ہوگا۔ صاف شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ کے این آر او ٹو ملنے سے یہ سب بچ گئے، توشہ خانہکیس سب سے بڑا مذاق تھا، اس حکومت نے توشہ خانہ معاملے میں میری تمام تفصیل دی، اب عدالت نے ان سے توشہ خانہ کا ریکارڈ طلب کیا تو کہتے ہیں کہ سیکرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چوری کیں۔