اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات، قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات پر 15 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتا یا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب، کے پی کے اسمبلیوں کے انتخابات کے ساتھ قومی اسمبلی کی خالی نشستوں کے ضمنی انتخابات پر 15 ارب روپے اخراجات کا تخمینہ لگا یا ہے۔ اس ضمن میں و فاقی حکومت کو فنڈز کے اجراء کیلئے خط لکھا جائے گا، واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کو وفاقی حکومت کی جانب سے عام انتخابات کے لئے 5 ارب روپے فراہم کئے جا چکے ہیں الیکشن کمیشن کے تخمینے کے مطابق حال ہی میں تحلیل ہونے والی پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں کے الیکشن پر 15 ارب روپے کے اخراجات آ ئیں گے اس لئے حکومت سے مزید 10 ارب روپے فنڈز کی فراہمی کے لئے رابطہ کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے بعد محمد اعظم خان نے بطور نگران وزیر اعلیٰ حلف اٹھا لیا ہے جبکہ پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہونے سے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کامعاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جا چکا ہے۔جس پر جلد فیصلہ متوقع ہے۔