کراچی ( نئی تازہ رپورٹ).پاکستانی کمپنی نے6 لاکھ ٹن سیمنٹ کے آرڈر کی دوسری کھیپ امریکہ روانہ کردی،37500ٹن سیمنٹ کی کھیپ ساتھ امریکی ریاست ٹیکساس بھجوائی گئی ہے۔ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈی جی خان سیمنٹ فرید فضل نے میڈیا کو بتایا کہ سیمنٹ کے 50000 ٹن کی پہلی کھیپ گزشتہ سال جون میں بھیجی گئی تھی جس سے پاکستان امریکہ کو سیمنٹ برآمد کرنے والے 25 ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔
ڈی جی خان سیمنٹ کمپنی کو سالانہ 600,000 ٹن کم الکلی سیمنٹ امریکہ کو برآمد کرنے کا آرڈر موصول ہواہے، جس سے ملک کو تقریبا 360 ملین ڈالر حاصل ہوں گے۔فرید فضل نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ امریکی مارکیٹ کو سیمنٹ برآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ تیسری کھیپ اگلے ماہ امریکا کے لیے روانہ ہوگی اور پاکستانی سیمنٹ کے اچھے معیار کو دیکھتے ہوئے پاکستان امریکی مارکیٹ میں 10 سے 15 فیصد حصہ حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی لندن، فرانس اور جرمنی کے خریداروں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور جلد ہی کمپنی سی ای سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کے بعد یورپی مارکیٹ میں داخل ہو جائے گی۔
فرید فضل نے کہا کہ ہمارے پاس وافرسیمنٹ ہے اور چونکہ پیداواری صلاحیت ڈیمانڈ سے زیادہ ہے ، اس لیے مینوفیکچررز اپنی پوری صلاحیت استعمال نہیں کر رہے، اس لیے ہمیں نئی منڈیوں کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
سخت ماحولیاتی قوانین کی وجہ سے امریکہ میں سیمنٹ فیکٹریاں لگانا بہت مشکل ہے
انہوں نے کہا کہ ملک کو اپنی برآمدات کو امریکہ جیسی بڑی منڈیوں تک بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ صدر بائیڈن کے 6 ٹریلین ڈالر کے انفراسٹرکچر پیکج کے بعد خریدار سپلائی کے نئے ذرائع تلاش کر رہے ہیں جس سے امریکہ میں تعمیراتی سامان کی مانگ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔اس پیکج کے تحت تمام میگا انفراسٹرکچر پراجیکٹس بشمول فری ویز، پل اور سڑکیں دوبارہ تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور سخت ماحولیاتی قوانین کی وجہ سے وہاںسیمنٹ فیکٹریاں لگانا بہت مشکل ہے اور ان کی سیمنٹ کی ضروریات میکسیکو، کینیڈا، ویت نام اور ترکی سے درآمدات سے پوری ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیوسٹن میں ہمارے سیمنٹ کو ملنے والے اچھے ردعمل کے بعد مجھے ہیوسٹن میں ہونے والی بین الاقوامی سیمنٹ کانفرنس INTERCEM میں ایک پریزنٹیشن دینے کے لیے مدعو کیا گیا جسمیں بڑی تعداد میں سوالات ہوئے اور ممکنہ صارفین پیدا کیے۔
انہوں نے اعدادو شمار بیان کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سیمنٹ انڈسٹری کی صلاحیت 65 ملین ٹن ہے اور ملکی کھپت صرف 40 ملین ٹن ہے جبکہ برآمدات صرف 4 سے 5 ملین ٹن ہیں۔