پشاور ( نئی تازہ نیوز) گورنرخیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیئے، جس کے بعد صوبائی اسمبلی کو تحلیل کردیا گیا ۔ صوبائی کابینہ اور ارکان کی رکنیت بھی ختم ہوگئی۔ محمود خان نگران وزیراعلیٰ کے تقرر تک قائم مقام ہوں گے
بدھ کو گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے وزیراعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کو بھجوائے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کے پی اسمبلی اور صوبائی کابینہ کو آئین کے آرٹیکل 112 کی شق ایک کے تحت فوری طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے۔
گورنر کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کا تقرر وزیر اعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کی مشاورت کے ساتھ گورنر کی جانب سے کیا جائے گا، اس سلسلے میں گورنر نے دونوں کو21 جنوری تک اس عہدے کے لیے اپنے نامزد امیدواروں کے نام فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 112(1) کے تحت منگل کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو بھیجی گئی تھی۔