کراچی( نئی تازہ مانیٹرنگ )حکومت کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ بیرونی ترسیلات زر میں اضافہ کے لئے تارکین وطن کو 240 روپے فی ڈالر کی پیشکش کی جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کرنسی ڈیلرز کی طرف سے حکومت کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر میں اضافہ اور ملک کے کم ہوتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم کرنے کے لئے تارکین وطن کو ڈالر کی بہتر شرح مبادلہ 240 روپے فی ڈالر کی پیشکش کی جائے۔
اعداد وشمار کے مطابق بیرون ملک سے ترسیلات زر میں مسلسل چوتھے مہینے کمی واقع ہوئی ہے، جو دسمبر 2022 میں 31 ماہ کی کم ترین سطح 2 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا اور بنگلادیش نے ماضی قریب میں بلیک کرنسی مارکیٹ میں چلی جانے والی ترسیلات زر کو قانونی سسٹم میں واپس لانے کے لیے بیرون ملک مقیم باشندوں کو بہتر شرح مبادلہ کی پیشکش کی تھی، جس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے ۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ( ای سی اے پی) کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر ایکسچینج ریٹ کی پیشکش نا صرف سسٹم میں کھو جانے والی رقوم کو واپس لائے گی بلکہ اس سے چھ ماہ (جنوری سےجون 2023) میں ورکرز کی ترسیلات زر میں 15 فیصد اضافہ بھی متوقع ہے۔