ابوظہبی: (نئی تازہ نیوز)متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے دو ارب ڈالر قرض واپسی کی مدت میں توسیع اور اضافی ایک ارب ڈالر دینے پر اتفاق کیا ہے
وزیر اعظم شہباز شریف نے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی،ابوظہبی کے الشاطی محل میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات اور مشترکہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا.اور دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے مطابق مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی
پاکستان اور یو اے ای کے رہنمائوں نے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت کو سراہا. اور شیخ محمد بن زاید کا گزشتہ سال سیلاب زدہ پاکستا نی قوم کے لیے بھیجی گئی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تربیت، انسانی اسمگلنگ کے انسداد کی کوششوں اور میڈیا کے شعبوں میں تین معاہدوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
قبل ازیں اماراتی حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ افسران نے وزیراعظم شہباز شریف کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
وزیراعظم پاکستان کے آفس سے جاری بیان کے مطا بق متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے دو ارب ڈالر قرض واپسی کی مدت میں توسیع اور اضافی ایک ارب ڈالر دینے پر اتفاق کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے سرمایہ کاری تعاون کو مز فروغ دینے، شراکت داری بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے انضمام کے مواقع کو ممکن بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم کے وفد میںوزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود ،وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور طارق باجوہ بھی شامل ہیں۔
یو اے ای کےدورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی اماراتی رہنمائوں، تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں اقتصادی و تجارتی شعبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں سعودی فنڈ کے وفد نے ملاقات کی ، چار رکنی وفد کی قیادت سعودی فنڈ کے سی ای او سلطان المرشد نے کی، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پرشکریہ ادا کیا، ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔