سندھ ہائی کورٹ نے اداکارہ مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود نازیبا مواد فوری طور پر ہٹانیکا حکم د یتے ہوئے فریقین سے 26جنوری کو جواب طلب کر لیا ۔
معروف قانون دان خواجہ نوید ایڈوکیٹ نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر من گھڑت الزامات عائد کئے گئے۔ گھٹیا اور جھوٹے الزامات لگانے والے ذہنی بیمار ہیں ، ان کو سزا دی جائے۔ یاد رہے کہ یوٹیوبر اور وی لاگر میجر ر عادل راجا نے سوشل میڈیا پر معروف اداکارئواں اور ماڈلز پر سنگین اورنازیبا الزامات عائد کئے تھے۔
سندھ ہائیکورٹ نے سماعت کے دوران وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر درخواستگزار کیخلاف موجود مواد فوری ہٹانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے فریقین سے26 جنوری کو جواب جمع طلب کیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایف آئی اے سے رجوع کیا تھا مگر کارروائی نہیں ہوئی، مہوش حیات کا مطالبہ تھاکہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف موجود مواد فوری ہٹایا جائے۔
قبل ازیں اداکارہ کبری خان نے ایسے ہی الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا، عدالت نے عدیل راجہ اور دیگر کو نوٹس جاری کئے تھے اورایف آئی اے کو حکم دیا تھا کہ اداکارہ کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹا یا جائے اور عدالت میں اس بارے میںرپورٹ جمع کرائی جائے۔