حکومت پنجاب نے آٹا کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے فلور ملز کیلئے گندم کا یومیہ کوٹہ دوگنا کردیا، فلور ملز کو 26 ہزار ٹن سرکاری گندم فراہم کی جا رہی ہے.
۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے آٹا سیل پوائنٹس کی تعداد دوگنا کرنے کا حکم دیا ہے ، اب صوبہ بھر میں یومیہ10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرفلور ملز کو ان کے مطالبے سے بھی زیادہ 26 ہزار ٹن سرکاری گندم فراہم کی جا رہی ہے، توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ سرکاری کوٹہ بڑھانے سے نجی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آسکے گی۔
وزیراعلی پنجاب کے مطابق احساس پروگرام کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دے رہے ہیں کوشش ہے شہروں اور دیہات تک بھی یہ فائدہ پہنچ سکے، یاد رہے کہ ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کے لئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شمولیت کی جاسکتی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں گندم اور آٹے کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ہو چکا ہے۔
گذشتہ روز سندھ کے ضلع میرپور خاص میں سستا آٹا خریدنے کی کوشش میں ایک مزدور بھگدڑ مچنے اور لوگوں کے نیچے دب جانے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ نوابشاہ میں بچی سمیت تین خواتین ہجوم کے پیروں تلے دب کر زخمی ہو گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے میرپور خاص کے علاقے گلستان بلدیہ میں سرکاری نرخ پر سستا آٹا ٹرک پر فراہم کیا جارہا تھا، جس کے حصول کے لیے شہری بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔
خواتین اور نوجوانوں نے ٹرک کے اوپرچڑھ کر آٹا لینے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے ٹرک چلا دیا جس سے کئی افراد زمین پر گرگئے بھگدڑ سے 8 بچوں کا باپ اور مزدور ہرسنگ پولی لوگوں کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گیا۔
ادھر نواب شاہ کے علاقے سکرنڈ میں فلور مل کے باہر سرکاری نرخ پر آٹا خریدنے کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس سے ایک بچی سمیت 3 خواتین لوگوںکے پیروں تلے دب کر زخمی ہو گئیں۔