برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا ہے کہ برطانیہ کے ویزے کی در خواست دینے والے97فی صد پاکستانی طلباء کو ویزا جاری کر دیا جاتا ہے۔ برطانوی سٹوڈنٹ ویزے کا حصول مشکل ہونے کا تاثر درست نہیں ہے۔
ایک انٹرویو میں ڈاکٹر ٹرنر نے کہا کہ انہوں نے 23 ہزار 500 سٹوڈنٹ ویزے جاری کیے ہیں یہ تعداد ان کے تین سال قبل پاکستان آنے کے وقت سے دوگنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کو برطانیہ کے ویزوں کے اجرا کی شرح 97 فیصد ہے جس کا مطلب ہے کہ 100 میں سے 97 درخواست دہندگان کو ویزا مل جاتا ہے۔
ڈاکٹر کرسچن ٹرنررواں ہفتے پاکستان میں ہائی کمشنر کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ وہ دسمبر 2019 میں آئے تھے۔انہیں برطانوی حکومت نے لندن میں وزارت خارجہ کے انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ کے طور پر خدمات انجام دینے کے لیے واپس بلایا ہے۔
ایک انٹرویو میں سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کے دور میں برطانوی مشن نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر کام کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگست میں، ہم نے ترقی پذیر ممالک کی ایک نئی تجارتی اسکیم کا اعلان کیا جس نے 94 فیصد سے زیادہ پاکستانی اشیا اور خدمات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی فراہم کی۔