پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کا نام باقاعدہ طور پر پنشن حاصل کرنے والے سابق کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے.
ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے پنشن کے لیے بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر دستخط کر دیے ہیں۔ رمیز راجہ نے کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں پنشن دی جائے۔
انتظامی کمیٹی کے ایک رکن نے نجی ٹی وی کے رابطہ کرنے پرتصدیق کی کہ ضابطہ اخلاق پر دستخط کرنے کے بعد رمیز راجہ کا نام پنشنر کرکٹرز کی فہرست میں شامل کرلیا گیا اور مذکورہ فہرست کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ رمیز راجہ یکم جنوری سے 1 لاکھ 54 ہزار روپے ماہانہ پنشن کے حقدار ہو چکے ہیں۔
ضابطہ اخلاق کے نکات پر عمل کرنا ہو گا
واضح رہے کہ ضابطہ اخلاق پر دستخط کے بعد رمیز راجہ کو اس کے نکات پر عمل کرنا ہو گا اور وہ کرکٹ بورڈپر تنقید نہیں کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ اگست میں رمیز راجہ 60 سال کی عمر کو پہنچے ہیں، پی سی بی 60 سال سے زائد عمر کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو پنشن دے رہا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ رمیز راجہ نے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے طور پرکرکٹرز کی پنشن ایک لاکھ روپے فی کس بڑھائی تھی۔