لاہور( نئی تازہ نیوز) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب میں شناختی کارڈ درستگی کے نام پرگاڑیوں کی ملکیت تبدیل کیے جانے کاانکشاف ہوا ہے۔ مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث19 افسران کے نام سامنے آگئے۔
حال ہی میں تیار کی گئی اعلیٰ افسر کی رپورٹ میں متعدد سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ گاڑیوں کی ملکیت تبدیل کرنے میں مبینہ طور پر محکمہ کے بعض افسران بھی ملوث ہیں۔ (جاری ہے)
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی موٹر برانچ جوہرٹائون، شاہدرہ اور فرید کورٹ آفس میں ایسے سیکڑوں کیسز سامنے آئے جن میں شناختی کارڈ کی درستگی کی آڑ میںگاڑیوں کی ملکیت تبدیل کردی گئی ۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق ان سنگین بے ضابطگیوں میں ابتدائی طور پر 19 افسران کے نام سامنے آئے ہیں جن کے خلاف مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ڈی جی نے جعلسازی میں ملوث تمام عناصر کو چارج شیٹ جاری کرنے اور دوبارہ آڈٹ شروع کر نے کی ہدایت کی ہے
اسلام آباد کے محکمہ ایکسائزمیں غیر قانونی اقدامات
یاد رہے کہ اسلام آباد کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں بھی حالیہ برسوں میں متعدد بے ضابطگیوں کے واقعات سامنے آتی رہی ہیں جس میں نان کسٹم گاڑیوں کی رجسٹریشن سمیت کئی غیر قانونی اقدامات شامل ہیں جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ تاہم محکمہ کے با اثر افسران اب تک کسی کارروائی سے محفوظ رہے ہیں۔