اسلام آباد ( نئی تازہ نیوز) احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ضبطگی کا حکم واپس لیتے ہوئے منجمد بینک اکائونٹس بھی بحال کر دیے۔
احتساب عدالت کے مطابق اسحاق ڈار سرنڈر کر چکے اور دائرہ اختیار ختم ہونے پر ٹرائل ختم ہو چکا ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اس سلسلہ میںتحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ پراسیکیوٹر نے بھی کہا ہے کہ عدالت قانون کے مطابق مناسب آرڈر جاری کر دے، اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ضبطگی کا آرڈر واپس لیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے11دسمبر 2017 کو اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ضبطگی کا حکم جاری کیاتھا۔
اسحاق ڈار کی عدم پیشی پر انہیں اشتہاری قرار دیا گیا تھا جس پر بینک اکاونٹس منجمد اور لاہور کا گھر بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔