گیس پریشر میں کمی کے باعث خیبر پختونخوا کے سی این جی اسٹیشنز ایک ماہ کیلئے بند کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق پشاور سمیت صوبہ کے مختلف علاقوں سے گیس کی قلت کی شکایات آرہی تھیں۔ انتظامیہ نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سی این جی کی فروخت روکنے کا فیصلہ کیا۔
انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ صوبے بھر میں یکم سے 31 جنوری تک سی این جی اسٹیشنز بند رکھے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں گیس کی قلت کے باعث گھریلو صارفین مشکلات کا شکار ہیں۔
کئی علاقوں میں صرف مخصوص اوقات میں ہی گیس فراہم کی جارہی ہے۔گھریلو صارفین کو کھانا بنانے اور دیگر ضروریات کے لئے گیس میسر نہیں جس کی وجہ سے وہ مہنگا اورمتبادل ایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔