امریکی سفارت خانے نے اسلام آباد کے ہوٹل میں امریکیوں پر ممکنہ حملے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
سفارت خانے کی ویب سائٹ پر جاری انتباہ میں امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں اور ملازمین کومیریٹ ہوٹل نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔
اپنے بیان میںامریکی سفارت خانے نے کہاکہ امریکی حکومت اس بارے میں آگاہ ہے کہ کچھ لوگ تعطیلات کے دوران میریٹ ہوٹل میں امریکیوں پر ممکنہ حملہ کرنے کی سازش کررہے ہیں۔
انتباہ میںسفارت خانے کے اہلکاروں کو حالیہ تعطیلات کے دوران اسلام آباد میں غیر ضروری سفر سے گریز کر نے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
کیونکہ شہر میں ریڈ الرٹ ہے اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔
بیان کے مطابق سفارت خانے نے اپنے عملے کو تقریبات، عبادت گاہوں اور پر ہجوم مقامات پر جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔
بیان کے مطابق سفارتی عملے کو تازہ ترین صورتحال کے لیے مقامی میڈیا پر نظر رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ٹین میں 23 دسمبر کو ایک دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔
جس کے بعداسلام آباد کے ڈپٹی کمشنرنے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں 15 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر کے ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگا دی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بھی شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے۔اور ریڈ زون سمیت شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں شہریوں سے کہا ہے کہ دوران سفر اپنی ضروری شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں۔اور ریڈ زون سمیت دیگر مقامات پر دوران چیکنگ تعاون کریں۔