اسلام آباد: ملک میں موبائل فونز کی درآمدات میں جولائی تا نومبرکے دوران سالانہ بنیادوں پر 66 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے. مزکورہ پانچ ماہ کے دوران موبائل درآمدات کا حجم 291 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 857 ملین ڈالررہا تھا، معاشی ماہرین کے مطابق اضافی ٹیکسز کی وجہ سے موبائل فونز باہر سے منگوانے کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے.
تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سروسز کی برآمدات سے ملک کو2.90 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی نسبت 6 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ زر مبادلہ 2.743 ارب ڈالر رہا تھا۔ نومبرمیں سروسز کے شعبے کی برآمدات کاحجم 650 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ نومبر 570 ملین ڈالر کی نسبت 14 فیصد زیادہ ہے۔ اس دوران سروسز کے شعبے کی درآمدات میں 16 فیصد کمی ہوئی
جولائی تا نومبر سروسز کی درآمدات پر 3.765 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 4.456 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ نومبر کے مہینے میں 715 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ سال کے ماہ نومبرکی نسبت 27 فیصد کم ہے