کراچی( نئی تازہ رپورٹ) پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عید گاہ پولیس نے سول ہسپتال کے قریب کارروائی کے دوران اہلکار کو گرفتار کیا، جو تھانہ گارڈن میں تعینات تھا اور حال ہی میں پولیس فورس میں شامل ہوا تھا۔
تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ اہلکار ستمبر 2024 میں تھانہ عید گاہ کی حدود سے موٹر سائیکل چوری میں ملوث تھا۔
موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ تھانہ عید گاہ میں درج تھا، جبکہ ملزم گارڈن ہیڈکوارٹر میں مقیم تھا۔ مزید تفتیش کے لیے اسے اے وی ایل سی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے دیگر کارروائیوں میں دو مزید ملزمان سلمان اسحاق اور زین کو بھی گرفتار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم زین نے رمضان المبارک کے دوران اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کولڈ ڈرنک ڈپو میں ڈکیتی کی تھی، جس میں وہ دو موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
ملزم سلمان اسحاق پر ایک خاتون کا موبائل فون چوری کرنے کا الزام ہے۔